تکبیر تشریق کا وقت

تکبیر تشریق کا وقت


تکبیر تشریق کا وقت 

٭ نویں ذُوالحجَّۃِ الحرام کی فَجر سے تیرھویں کی عصر تک پانچوں وقت کی فرض نمازیں جو مسجد کی جماعتِ مستحبہ کے ساتھ ادا کی گئیں ان میں ایک بار بلند آواز سے تکبیر کہنا واجب ہے اور تین بار افضل اسے تکبیرِ تشریق کہتے ہیں۔اور وہ یہ ہے:


اللہُ اَکْبَرْ ط اللہُ اَکْبَرْط لَآ اِلٰہَ اِلاَّ اللہُ وَ اللہُ اَکْبَرْ ط اللہُ اَکْبَرْط وَلِلّٰہِ الْحَمْد (بہارِ شریعت ج۱ص۷۷۹تا۷۸۵، تَنوِیرُ الْاَبصار ج۳ص۷۱)


٭ تکبیرِ تشریق سلام پھیرنے کے بعد فوراًکہنا واجِب ہے ۔ یعنی جب تک کوئی ایسافِعل نہ کیا ہو کہ اُس پر نَماز کی بِنا نہ کر سکے مَثَلاًاگر مسجِدسے باہَر ہو گیا یاقَصداً وضو توڑ دیا یا چاہے بھُول کر ہی کلام کیا تو تکبیر ساقِط ہو گئی اوربِلاقَصد وُضو ٹوٹ گیا تو کہہ لے۔ (دُرِّمُختار ورَدُّالْمُحتار ج۳ص۷۳ دارالمعرفۃ بیروت)  


٭ تکبیرِ تشریق اُس پر واجِب ہے جو شہر میں مُقیم ہو یا جس نے اِس مقیم کی اِقتِدا کی۔ وہ اِقتِدا کرنے والا چاہے مسافِر ہو یا گاؤں کا رَہنے والا اور اگر اس کی اِقتِدا نہ کریں تو ان پر (یعنی مسافر اور گاؤں کے رَہنے والے پر) واجِب نہیں۔ (دُرِّمُختار ج۳ص۷۴)


٭مُقیم نے اگر مسافر کی اِقتِدا کی تو مُقیم پر واجِب ہے اگرچِہ اس مسافر امام پر واجِب نہیں۔ (دُرِّمُختار ورَدُّالْمُحتار ج۳ص۷۴)  


٭نَفل، سنّت اور وِتر کے بعد تکبیر واجِب نہیں۔ (بہارِ شریعت ج۱ص۷۸۵، رَدُّالْمُحتار ج۳ص۷۳)

٭ جُمُعہ کے بعد واجِب ہے اورنَمازِ ( بَقَر) عید کے بعد بھی کہہ لے۔ (اَیْضاً)  


٭ مَسبُوق ( جس کی ایک یا زائد رَکْعَتیں فوت ہوئی ہوں ) پر تکبیر واجِب ہے مگر جب خود سلام پھیرے اُس وقت کہے۔ (رَدُّالْمُحتار ج۳ص۷۶)


٭ مُنْفَرِد ( یعنی تنہا نَماز پڑھنے والے ) پر واجِب نہیں (اَلْجَوْہَرَۃُ النَّیِّرَۃ ص۱۲۲) مگر کہہ لے کہ صاحِبَین ( یعنی امام ابو یوسف اور امام محمد رَحِمَہُمَا اللّٰہُ تَعَالٰی) کے نزدیک اس پر بھی واجِب ہے ۔ (بہارِ شریعت ج۱ص۷۸۶)


(عید کے فضائل وغیرہ کی تفصیلی معلومات کیلئے فیضانِ سنّت کے باب ’’ فیضانِ رَمَضان‘‘ سے فیضانِ عید الفطر کا مطالَعَہ فرمائیے)


        اے ہمارے پیارے اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہمیں عِیدِ سَعید کی خُوشیاں سُنَّت کے مطابِق منانے کی توفیق عطا فرما۔ اور ہمیں حج شریف اور دیارِ مدینہ و تاجدارِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی دید کی حقیقی عِید بار بار نصیب فرما۔ ۔ اٰمین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وسلَّم


تری جبکہ دید ہو گی جبھی میری عید ہو گی


مِرے خواب میں تم آنا مَدَنی مدینے والے

    

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے